اسلام آباد( ترکیہ خبر) سپریم کورٹ میں ایک شہری سے بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر ساڑھے 17 لاکھ روپے وصول کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس دوران عدالت اور متاثرہ شہری کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ ملزم نے کتنی رقم وصول کی، جس پر وکیل مدعی نے بتایا کہ ساڑھے 17 لاکھ روپے ملزم نے شہری سے وصول کیے تھے۔ عدالت نے متاثرہ شہری سے پوچھا کہ کس ملک جانے کے لیے پیسے دیے گئے، شہری نے جواب دیا کہ یونان جانے کے لیے رقم ادا کی گئی تھی۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ یونان جا کر تم دربدر ہونے والے تھے، بہتر ہے کہ یہاں محنت مزدوری کرو کیونکہ کشتیوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے کئی لوگ ہلاک بھی ہو جاتے ہیں۔عدالت نے مزید استفسار کیا کہ کیا ملزم نے رقم لینے کے بعد شہری کو بیرون ملک بھیجا یا نہیں، جس پر وکیل مدعی نے بتایا کہ نہ تو شہری کو بیرون ملک بھیجا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے دیے گئے چیک بھی باؤنس ہو گئے اور چیک باؤنس ہونے کے مقدمات الگ سے درج کروائے گئے ہیں۔
شہری کو یونان بھیجنے کے کیس میں عدالت اور متاثرہ شہری کے درمیان دلچسپ مکالمہ
3 ہفتے قبل