اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی جبر و تشدد کے تمام ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔کشمیریوں کے یومِ حقِ خودارادیت پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے بتایا کہ 5 جنوری کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ 5 جنوری 1949 کو یو این کمیشن برائے پاکستان و بھارت نے ایک تاریخی قرار داد منظور کی تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس قرارداد میں طے پایا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا، مگر بھارتی قابض افواج کی وجہ سے یہ وعدہ پورا نہ ہو سکا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 8 دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، اور بین الاقوامی برادری کو بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔