اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم کے ترجمان مشرف زیدی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو افغانستان کے خلاف جنگ کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن سرحد پار کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک افغان طالبان اور دہشتگرد گروہوں کے روابط ختم نہیں ہوتے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں مشرف زیدی نے کہا کہ یہ جنگ نہیں بلکہ دفاعی اقدامات ہیں، اور پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کو افغان سرزمین سے آنے والی دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی ضرورت کے مطابق اقدامات کرے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان مخالف شدت پسندی کو افغان طالبان کی عبوری حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ مشرف زیدی نے مزید کہا کہ پاکستان اعتماد قائم کرنے کے بجائے "آگ کی دیوار" تعمیر کرے گا تاکہ اپنی سرزمین اور عوام کا تحفظ ممکن ہو سکے۔وزیراعظم کے ترجمان نے واضح کیا کہ افغان طالبان کو دوحہ معاہدے کی شرائط کے مطابق اپنے ہاں شدت پسندوں کی موجودگی ختم کرنی ہوگی، ورنہ پاکستان خود یہ کارروائیاں انجام دے گا۔ ان کے بقول یہ اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک طالبان اور دہشتگرد گروہوں کے درمیان تعلق مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا۔
افغان طالبان سے تعلق ختم نہ ہوا تو کارروائی جاری رہے گی:پاکستان
1 ماہ قبل