لندن( سپورٹس ڈیسک)ہل سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے نوجوان مڈفیلڈر ٹوبی کولیئر کو قرض پر حاصل کرنے کے لیے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹ Hull Live کے مطابق دونوں کلبوں کے درمیان بات چیت جاری ہے اور امکان ہے کہ کولیئر سیزن کے اختتام تک ہل سٹی کی نمائندگی کریں گے۔رپورٹ کے مطابق 22 سالہ ٹوبی کولیئر گزشتہ موسم گرما میں بھی ہل سٹی کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم انہوں نے ویسٹ بروم وچ البیون میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ ویسٹ بروم میں ان کا یہ قدم زیادہ کامیاب ثابت نہ ہو سکا اور وہ محض 12 میچز میں ہی میدان میں اتر سکے۔ معمولی انجری کے باعث وہ گزشتہ ماہ اولڈ ٹریفورڈ واپس لوٹ آئے تھے، جس کے بعد ان کا قرض معاہدہ ختم کر دیا گیا۔اب ہل سٹی ایک بار پھر کولیئر کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے، تاکہ مڈفیلڈ میں مسابقت کو بڑھایا جا سکے۔ کولیئر دفاعی مڈفیلڈر (نمبر 6) کے طور پر بھی کھیل سکتے ہیں جبکہ وہ فارورڈ مڈفیلڈ (نمبر 8) میں بھی کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق انگلش فٹبال لیگ (EFL) نے اس ممکنہ معاہدے کے لیے ابتدائی منظوری دے دی ہے اور ہل سٹی انتظامیہ پر امید ہے کہ یہ معاہدہ جلد حتمی شکل اختیار کر لے گا۔
ہل سٹی مانچسٹر یونائیٹڈ کے مڈفیلڈر ٹوبی کولیئر کو قرض پر حاصل کرنے کے قریب
2 ماہ قبل