سپین( مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی سپین میں ایک المناک ریلوے حادثے میں تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر کر مخالف سمت سے آنے والی دوسری تیز رفتار ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 39 افراد جان سے گئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ صوبہ قرطبہ کے علاقے آداموز کے قریب پیش آیا جو دارالحکومت میڈرڈ سے تقریبا 360 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ اندلس کی علاقائی حکومت کے سربراہ خوانما مورینو نے بتایا کہ 75 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کم از کم 15 کی حالت تشویش ناک ہے۔حکام کے مطابق حادثے کی شدت انتہائی زیادہ تھی اور ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو کارروائیوں کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے جبکہ متاثرہ ٹرینوں کے ملبے کو ہٹا کر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔