جکارتہ( مانیٹرنگ ڈیسک)جکارتہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں انڈونیشیا کے مغربی کلیمنتان صوبے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں سوار تمام آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔حکام کے مطابق ایئربس ہیلی کاپٹر، جو ایک مقامی کمپنی کی ملکیت تھا، پرواز کے تقریباً پانچ منٹ بعد ہی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کھو بیٹھا۔سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل لقمان ایف لیسا نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد مرد تھے جن میں ایک غیر ملکی شہری بھی شامل تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق مشترکہ امدادی ٹیم نے حادثے کی جگہ کا سراغ لگا لیا اور گھنے جنگل و پہاڑی علاقے سے تمام لاشیں برآمد کر لی گئیں، جنہیں صوبائی دارالحکومت منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں فضائی سفر جزائر کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے، تاہم ماضی میں یہاں فضائی حادثات کی شرح تشویشناک رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق رواں برس کے آغاز میں بھی ایک طیارہ حادثے میں تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ گزشتہ سال مختلف ہیلی کاپٹر حادثات میں بھی متعدد جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔