کراچی( ترکیہ خبر)کمشنر کراچی نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق حتمی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ رپورٹ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی نے مرتب کی ہے اور اسے کمشنر کراچی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کریں گے۔رپورٹ میں گل پلازہ میں آتشزدگی کی وجوہات، آگ بجھانے کے اقدامات، ریسکیو آپریشن کی تفصیلات، متاثرین، عینی شاہدین اور ریسکیو حکام سے حاصل شدہ معلومات شامل کی گئی ہیں۔تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر واقع فلاور شاپ میں ایک بچے کے ہاتھوں آگ لگی، جو تیزی سے پھیل گئی اور ایئر کنڈیشن کے ڈکٹس کے ذریعے مختلف حصوں تک پہنچ گئی۔ اس سانحے میں مجموعی طور پر 79 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے زیادہ تر اموات گل پلازہ کے میزنائن فلور پر ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق آگ رات 10 بج کر 15 منٹ پر لگی، جبکہ فائر بریگیڈ کو اطلاع رات 10 بج کر 26 منٹ پر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی رات 10 بج کر 30 منٹ پر موقع پر پہنچے، پہلا فائر ٹینڈر رات 10 بج کر 37 منٹ پر، اور ریسکیو 1122 کا عملہ رات 10 بج کر 53 منٹ پر جائے وقوعہ پرپہنچا۔