گرین ٹورزم سے سیاحت میں سرمایہ کاری تیز ہوئی: ادارہ قومی معیشت

1 ماہ قبل
گرین ٹورزم سے سیاحت میں سرمایہ کاری تیز ہوئی: ادارہ قومی معیشت

اسلام آباد( ترکیہ خبر)گرین پاکستان انیشیٹیو کی سرپرستی میں قائم گرین ٹورزم پرائیوٹ لمیٹڈ ملک میں سیاحتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ادارہ قومی معیشت میں سیاحت کے مؤثر حصہ کو بڑھانے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔گرین پاکستان انیشیٹیو کو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے تحت قائم کیا گیا، جس کا مقصد زراعت، لائیوسٹاک اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ اسی فریم ورک کے اندر گرین ٹورزم پرائیوٹ لمیٹڈ کو فعال کیا گیا تاکہ سیاحتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ادارے کے مطابق قیام کے مختصر عرصے میں سیاحت کو معاشی استحکام اور بین الاقوامی پہچان کا مؤثر ذریعہ بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔ 2024 میں گرین ٹورزم پاکستان کے آغاز کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے حکام مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔اہم سیاحتی مقامات پر جدید سہولیات سے آراستہ مربوط ٹورزم زونز کے قیام پر کام جاری ہے۔ صرف 18 ماہ کے دوران 78 سیاحتی املاک سے متعلق معاہدے طے پائے، جبکہ 17 اعلیٰ معیار کے ہوٹلز اور ریزورٹس میں سے 15 پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں۔گرین ٹورزم پاکستان کا کہنا ہے کہ سیاحتی شعبے میں ضابطہ جاتی خامیوں، تشہیری کمی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات قومی سیاحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور پائیدار ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔