حکومت نے توانائی بچت اقدامات میں نرمی کر دی، سرکاری سہولتیں بحال

حکومت نے توانائی بچت اقدامات میں نرمی کر دی، سرکاری سہولتیں بحال

 اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی بچت کے لیے نافذ کیے گئے سابقہ کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری سطح پر ایندھن بچت سے متعلق بعض پابندیاں واپس لے لی گئی ہیں۔نئے حکم نامے کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ کی چھٹی کا اقدام ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ افسران کو پیٹرول کی مکمل سہولت اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کے دوبارہ استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔تاہم تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات سے متعلق پابندیاں برقرار رہیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک بند کرنا ہوں گے، جبکہ شادی ہالز کو رات 10 بجے تک تقریبات ختم کرنا ہوں گی۔ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم گھر تک ترسیل اور کھانے کی پیکنگ کی سہولت اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔فارمیسیز، اسپتال، لیبارٹریز، بیکریاں، دودھ کی دکانیں اور تندور اوقات کار کی پابندی سے آزاد ہوں گے، جبکہ پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، برقی گاڑیوں کے چارجنگ مراکز، جم، اسپورٹس کلب، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔حکومت کے مطابق 9 مارچ 2026 سے پہلے نافذ کیے گئے دیگر کفایت شعاری اقدامات بدستور برقرار رہیں گے۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.