حکومت کا صنعتی صارفین کے لیے نیا ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

1 ہفتے قبل
حکومت کا صنعتی صارفین کے لیے نیا ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) صنعتی صارفین کی سہولت اور بجلی کے مؤثر استعمال کو بہتر بنانے کے لیے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف ٹائم آف یوز (ToU) نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔ یہ نظام وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر متعدد اندرونی مشاورتی اور تکنیکی اجلاسوں کے بعد تیار کیا جا رہا ہے۔مجوزہ فریم ورک کے تحت صنعتی صارفین کو ملٹی سلیب ٹیرف ڈھانچے میں شامل ہونے کا اختیار دیا جائے گا، جہاں بجلی کی قیمتیں مختلف اوقات میں اوسط مارجنل لاگت کی بنیاد پر طے کی جائیں گی تاکہ بجلی کی اصل لاگت کی بہتر عکاسی ہو سکے۔ ٹیرف کے دو بنیادی حصے ہوں گے: فکسڈ چارجز، جو زیادہ سے زیادہ طلب کے اشاریوں کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے تاکہ صارفین اپنی زیادہ سے زیادہ طلب کم کرنے کی ترغیب حاصل کریں، اور ویری ایبل انرجی چارجز، جنہیں حقیقی توانائی لاگت کے مطابق کم اور متوازن کیا جائے گا۔نئے نظام سے صنعتی شعبے کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے، جن میں کم لاگت والے اوقات میں بجلی کے استعمال کو بڑھا کر لوڈ مینجمنٹ بہتر بنانا، آف پیک اوقات میں بجلی کے استعمال کو فروغ دینا، گرڈ پر دباؤ کم کرنا اور مہنگی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت کو محدود کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ صنعتی پیداوار، مسابقت اور توانائی کے اخراجات کی پیش گوئی میں بہتری بھی متوقع ہے۔وفاقی وزیر نے ہدایت دی ہے کہ نظام کو مؤثر اور جامع بنانے کے لیے صنعتی صارفین، چیمبرز آف کامرس اور دیگر تجارتی تنظیموں سے وسیع مشاورت کی جائے، اور پہلا مشاورتی اجلاس 26 مارچ کو آن لائن منعقد ہوگا۔