اسلام آباد( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس فانڈیشن کا دورہ کیا اور اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اہم فیصلے کیے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان اقساط پر پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، ہر سال پاکستان بھر سے 10 انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو پولیس سے متعلق کورسز کے لیے بیرونِ ملک سکالرشپ دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ 15 کانسٹیبلز کے بیٹے یا بیٹیاں جو پاکستان کی بہترین جامعات میں داخل ہوں گے، ان کے تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فانڈیشن برداشت کرے گی۔ اسی طرح ہر سال 5 ایس پی اور ایس ایس پی رینک کے افسران کو مصنوعی ذہانت (AI) میں ڈگری کے لیے بیرونِ ملک سکالرشپ دی جائے گی۔محسن نقوی نے فانڈیشن کے وسائل میں مزید اضافے کے لیے جامع پلان طلب کیا اور ادارے کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس فانڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک فعال اور متحرک ادارہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ اجلاس میں فانڈیشن کی موجودہ کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں اور پولیس اہلکاروں کے لیے فلاحی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔