عالمی صورتحال بگڑ رہی، ممالک کے درمیان تعاون اور اقوام متحدہ کے کردار کی ضرورت بڑھ گئی:پوتن

2 ماہ قبل
عالمی صورتحال بگڑ رہی، ممالک کے درمیان تعاون اور اقوام متحدہ کے کردار کی ضرورت بڑھ گئی:پوتن

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ عالمی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور انسانیت کو اس وقت زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔ماسکو میں نئے سفیروں کو اسناد پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے روس کے مؤقف کو دہرایا کہ عالمی سلامتی کا ڈھانچہ نئی بنیادوں پر استوار ہونا چاہیے اور اس حوالے سے روس کی پیش کردہ تجاویز پر سنجیدہ بات چیت کی جانی چاہیے۔صدر پوتن نے کہا کہ دنیا میں طاقت کے زور پر یکطرفہ اقدامات بڑھ رہے ہیں جبکہ سفارت کاری، مکالمہ اور سمجھوتے پس منظر میں جا رہے ہیں۔ بعض ممالک دوسروں کو یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں کیسے زندگی گزارنی ہے، کون سے فیصلے کرنے ہیں اور کس سمت جانا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر زیادہ مضبوط مطالبے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا زیادہ منصفانہ اور کثیر قطبی نظام کی طرف بڑھ سکے۔ پوتن نے کہا کہ روس ایک کثیر قطبی دنیا کے نظریے سے مخلص ہے اور اپنی خارجہ پالیسی ہمیشہ توازن اور تعمیری سوچ کے ساتھ وضع کرتا ہے، جس میں روس کے قومی مفادات اور عالمی رجحانات دونوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔روس کے صدر نے واضح کیا کہ وہ تمام ممالک کے ساتھ کھلے اور باہمی فائدے پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں اور سیاست، معیشت اور انسانی شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کی اہمیت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔