عالمی برادری جنگوں میں بے گھر افراد کی مدد کے لیے فوری اور مو ثر اقدامات کرے:پوپ کا کرسمس خطبہ

3 ماہ قبل
عالمی برادری جنگوں میں بے گھر افراد کی مدد کے لیے فوری اور مو ثر اقدامات کرے:پوپ کا کرسمس خطبہ

ویٹیکن سٹی( مانیٹرنگ ڈیسک)ویٹیکن سٹی سے آنے والی تازہ اطلاعات کے مطابق پوپ لیو نے اپنے پہلے کرسمس کے خصوصی خطاب میں غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حالات کو نہایت مخدوش قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں بسنے والے معصوم شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔پوپ لیو نے حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر ہونے والی روحانی عبادت کے دوران کہا کہ یسوع کی پیدائش ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ خدا نے انسانوں کے درمیان محبت اور امن کا پیغام بھیجا، مگر آج دنیا کے کئی حصوں میں یہ پیغام دکھ اور آزمائش میں بدل چکا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ غزہ کے بے گھر خاندان جو عارضی خیموں میں شدید سردی، بارش اور طوفانی ہواں کا سامنا کر رہے ہیں، ان کے حالات پر خاموشی کیسے اختیار کی جا سکتی ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ وہ عام طور پر اپنے خطبات میں سیاسی موضوعات سے گریز کرتے ہیں، تاہم انسانی جانوں کے تحفظ اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے اس بار بات کرنا ضروری سمجھا۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنگوں کے باعث متاثر ہونے والے بے گھر افراد کی مدد کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ پوپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دیرینہ تنازعات کا پائیدار حل امن، انصاف اور انسانی وقار کے احترام سے ہی ممکن ہے۔سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں پوپ نے دنیا بھر میں جاری تنازعات کے نتیجے میں ہونے والی تباہی، انسانی دکھوں اور بے گھر افراد کے مسائل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امن کے لیے دعا کی۔پوپ کا کہنا تھا کہ جنگوں کے نتیجے میں بے شمار خاندان بکھر چکے ہیں اور کمزور طبقات کو شدید آزمائشوں کا سامنا ہے، اس لیے دنیا کو امن کے قیام کے لیے متحد ہونا ہو گا۔