پاکستان بھر میں 5G سروس کی مکمل فراہمی میں مزید دو سال لگیں گے: قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا گیا

پاکستان بھر میں 5G سروس کی مکمل فراہمی میں مزید دو سال لگیں گے: قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا گیا

اسلام آباد( تر کیہ خبر) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں فائیو جی (5G) سروس کی مکمل فراہمی کے لیے مزید تقریباً دو سال درکار ہوں گے، جبکہ کم قیمت فائیو جی موبائل فونز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اراکین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات سبین غوری نے بتایا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے حامل موبائل فونز کی کم از کم قیمت تقریباً 36 ہزار روپے ہے، جو عام شہریوں کے لیے خریدنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان فونز کی قیمت 15 سے 20 ہزار روپے تک لانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ طلبہ سمیت زیادہ سے زیادہ افراد فائیو جی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان دو اجلاس بھی ہوچکے ہیں۔سبین غوری کے مطابق پاکستان میں موبائل فونز اسمبل کیے جارہے ہیں، تاہم ٹیکسوں کی بلند شرح کے باعث ان کی قیمتیں کم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے کم قیمت فائیو جی فونز کی دستیابی ممکن ہوسکے گی۔25 شہروں میں فائیو جی سروس فراہم کی جارہی ہےپارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 19 مارچ 2026 کو ہوئی تھی، جس میں تین سیلولر کمپنیوں نے حصہ لیا۔ اس وقت ملک کے تقریباً 25 شہروں میں فائیو جی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ان کے مطابق ملک بھر میں اس سروس کی مکمل فراہمی کے لیے مزید تقریباً دو سال لگ سکتے ہیں، تاہم بڑے شہروں میں فائیو جی سروس کا آغاز ہوچکا ہے۔سبین غوری نے مزید بتایا کہ حکومت نے ٹیلی کام کمپنیوں کو ایک سال کے اندر ہزاروں نئی سائٹس مکمل کرنے کا ہدف دیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے کے لیے آپٹیکل فائبر نیٹ ورک کو بھی وسعت دی جارہی ہے۔2,051 ٹیلی کام سائٹس پر فائیو جی ٹاورز نصبفائیو جی سروس، انٹرنیٹ کی رفتار اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر سے متعلق سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فائیو جی نیٹ ورک کی تیاری اور تنصیب ایک مسلسل عمل ہے، جسے فوری طور پر مکمل نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے لیے مالی وسائل، نیٹ ورک کی توسیع اور مختلف علاقوں میں سروس کی فراہمی کے انتظامات ضروری ہیں۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں اب تک تقریباً 2,051 ٹیلی کام سائٹس پر فائیو جی ٹاورز نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ منصوبے میں 25 شہروں کو شامل کیا گیا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.