کراچی ( ترکیہ خبر) مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے بعد پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے اور مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کے لیے پروازوں کی آمد و رفت دوبارہ بحال ہونے لگی ہے۔ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے بڑے ہوائی اڈوں سے پروازیں روانہ ہونا شروع ہو گئی ہیں، جبکہ فضائی کمپنیوں نے مکمل بحالی کے لیے نئے پروازوں کے شیڈول تیار کرنا بھی شروع کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے دبئی، ابو ظہبی، شارجہ، بحرین، کویت، دوحہ، جدہ اور دمام کے لیے نو پروازیں روانہ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد سے آٹھ پروازیں خلیجی ممالک کے لیے روانہ کی گئیں۔اسی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اٹھارہ، پشاور سے چھ اور ملتان سے چار پروازیں روانہ کی گئیں۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشن کی مکمل بحالی میں ابھی کچھ وقت درکار ہوگا کیونکہ بعض ممالک کی فضائی حدود جزوی طور پر بند ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث گزشتہ چالیس روز کے دوران پاکستان سے تین ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے فضائی نظام بری طرح متاثر ہوا تھا۔