ورلڈ کپ 2026 ٹکٹس، درخواستوں کا عالمی ریکارڈ قائم

3 ماہ قبل
ورلڈ کپ 2026 ٹکٹس، درخواستوں کا عالمی ریکارڈ قائم

دبئی(سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کے لیے جاری رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلے میں شائقین کی غیر معمولی دلچسپی نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ مرحلے کے نصف حصے تک پہنچتے ہی دنیا بھر سے آنے والی درخواستوں نے نئے عالمی ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔فیفا ذرائع کے مطابق اب تک 200 سے زائد ممالک سے 150 ملین سے زیادہ ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو دستیاب ٹکٹوں کے مقابلے میں تقریبا 30 گنا زیادہ ہیں۔ یہ طلب 1930 سے اب تک ہونے والے تمام فیفا ورلڈ کپ مقابلوں میں مجموعی طور پر شریک شائقین کی تعداد سے بھی کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔فیفا صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا اور جامع ایونٹ ثابت ہوگا، جو مختلف اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور کھیل سے محبت کو فروغ دینے کی علامت بنے گا۔ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 11 جون سے 19 جولائی تک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کے 16 شہروں میں ہوگا، جہاں 48 ٹیمیں 104 میچز میں حصہ لیں گی۔ ٹکٹوں کے لیے موجودہ مرحلہ 13 جنوری 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ درخواست دینے کے وقت سے کامیابی کے امکانات متاثر نہیں ہوں گے۔فیفا کے مطابق اس مرحلے میں ٹکٹوں کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں اور شائقین کے لیے 60 امریکی ڈالر کا خصوصی سپورٹر انٹری ٹکٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ ناکام درخواست دہندگان کو آئندہ مراحل میں دوبارہ موقع دیا جائے گا، جبکہ پریمیم ٹکٹس اور سفری پیکیجز بھی دستیاب ہوں گے۔