اسلام آباد( ترکیہ خبر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی کفایت شعاری مہم کے تحت وسیع پیمانے پر اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق 70 فیصد سرکاری گاڑیاں بند رکھی جائیں گی، اراکین قومی اسمبلی کی دو ماہ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 25 فیصد کٹوتی ہوگی، جبکہ پارلیمانی وفود کے بیرون ملک دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران یا وہ افسران جن کی ماہانہ تنخواہ 3 لاکھ روپے یا اس سے زائد ہے، ان کی دو دن کی تنخواہ قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ سیکرٹریٹ میں تمام غیر ضروری خریداری بند کر دی گئی ہے اور صرف ناگزیر ضروریات کے لیے محدود خریداری کی اجازت ہوگی۔قومی اسمبلی اور کمیٹیوں کے اجلاس غروب آفتاب سے پہلے شیڈول ہوں گے، جبکہ 80 فیصد عملہ گھر سے ورچوئل ڈیوٹی انجام دے گا اور انہیں اضافی الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ورچوئل یا آن لائن منعقد کیے جائیں گے اور ہفتے میں صرف 4 ورکنگ ڈیز ہوں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وسیع پیمانے پر کفایت شعاری اقدامات نافذ، اراکین کی تنخواہوں میں کٹوتی
3 ہفتے قبل