ترکی میں منشیات کریک ڈاؤن، ہانڈے ارچل سمیت 14 اہم شخصیات گرفتار

1 ہفتے قبل
ترکی میں منشیات کریک ڈاؤن، ہانڈے ارچل سمیت 14 اہم شخصیات گرفتار

استنبول( شوبز ڈیسک) ترکی میں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران معروف اداکارہ ہانڈے ارچل سمیت شوبز، اسپورٹس اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد اہم شخصیات کو حراست میں لے لیا گیا۔استنبول پراسیکیوٹرز نے مجموعی طور پر 16 افراد کے خلاف حراستی احکامات جاری کیے، جن میں سابق فٹبال کلب صدور فکریت اورمن اور براق الماس بھی شامل ہیں۔ استنبول نارکوٹکس کرائم ڈویژن نے ان افراد کو تحویل میں لیا۔تحقیقات کے دائرے میں کاروباری شخصیات حاقان سبانشی اور کریم سبانشی، ماڈل دیدم سوئیدان اور ٹی وی میزبان گزیدی دُران بھی شامل ہیں۔ استنبول کے مختلف علاقوں میں بیک وقت 16 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں 14 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ باقی دو افراد کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔استنبول چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد معاشرتی اقدار اور خاندانی نظام کا تحفظ ہے، اور ابتدائی شواہد کے مطابق ان افراد پر منشیات رکھنے یا اس کے استعمال میں معاونت کا شبہ ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔