سعودی عرب میں ڈرون حملے، ہلاکتیں، امریکی سفارتی عملے کو انخلا کی ہدایت

سعودی عرب میں ڈرون حملے، ہلاکتیں، امریکی سفارتی عملے کو انخلا کی ہدایت

ریاض ( مانیٹر نگ ڈیسک) سعودی عرب کے دمام شہر میں واقع کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔ سعودی ادارۂ شہری ہوا بازی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مختلف نوعیت کی ہے، تاہم حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون اور اس کے ماخذ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تیل کی دولت سے مالا مال مشرقی علاقے میں پانچ ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا۔سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق مشرقی صوبے میں واقع شیبہ آئل فیلڈ کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو روکنے کی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق فلپائن اور نیپال سے تھا، جبکہ زخمیوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری شامل ہیں۔دوسری جانب امریکی وزارتِ خارجہ نے ریاض میں اپنے سفارت خانے کے غیر ضروری عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات، اردن، قطر اور بحرین میں تعینات امریکی سفارتی اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو بھی ان ممالک سے نکلنے کا حکم دیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بالخصوص یمن کے حوثیوں کے ساتھ ممکنہ تصادم کے خدشات کے باعث یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے نے سعودی عرب پر حوثیوں کے مزید حملوں کے امکان کے پیش نظر سکیورٹی انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ادھر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے خلیجی ممالک کے دورے کے دوران اچانک ریاض پہنچ کر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ فرانسیسی صدارتی محل کے مطابق ملاقات کا مقصد سعودی عرب پر حوثی حملوں کے تناظر میں فرانس کی حمایت کا اظہار اور توانائی کی محفوظ فراہمی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.