پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار، حتمی شکل کے لیے تبادلہ خیال جاری

2 ماہ قبل
پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار، حتمی شکل کے لیے تبادلہ خیال جاری

اسلام آباد ( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج کا کہنا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے تقریباً ایک سال کی بات چیت کے بعد دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز سے گفتگو میں رضا حیات ہراج نے کہا کہ تینوں علاقائی طاقتوں کے درمیان یہ ممکنہ معاہدہ گزشتہ سال اعلان کیے گئے پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ معاہدے سے مختلف ہے۔ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کے درمیان مکمل اتفاق رائے ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ سہ فریقی معاہدہ اس وقت پائپ لائن میں ہے، اور مسودہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے پاس موجود ہے، جس پر تینوں ممالک غور و خوض کر رہے ہیں۔رائٹرز کے مطابق یہ پیشرفت اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ تینوں ممالک خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تشدد کے خدشات کے پیش نظر باہمی تعاون کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب استنبول میں پریس کانفرنس کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا کہ بات چیت ضرور ہوئی ہے، تاہم ابھی تک کوئی معاہدہ حتمی نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بداعتمادی ختم کرنے کے لیے وسیع تر علاقائی تعاون اور اعتماد کی ضرورت ہے، کیونکہ یہی بداعتمادی ایسے مسائل پیدا کرتی ہے جو بیرونی طاقتوں کے اثر و رسوخ، جنگ یا دہشت گردی سے عدم استحکام کا باعث بنتے ہیں۔