اسلام آباد( ترکیہ خبر)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے کیس میں عادل راجہ، حیدر مہدی، وجاہت سعید، صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو دو دو بار عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ملزمان کو دیگر دفعات میں مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔9 مئی کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ فیصلہ پڑھاتے ہوئے بتایا کہ پراسیکیوشن کی استدعا پر ملزمان کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا گیا۔ سماعت کے دوران مجموعی طور پر 24 گواہان عدالت میں پیش ہوئے۔تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو قید کی سزا دی گئی۔ ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جو پہلے سے ان کے وکیل مقرر تھے۔انسداد دہشت گردی قوانین کے مطابق، ملزمان کی غیر موجودگی میں بھی ٹرائل ممکن ہے، جس کے تحت یہ فیصلہ سنایا گیا۔