مولانا فضل الرحمان سے معافی کا مطالبہ بلاجواز ہے: کامران مرتضیٰ

مولانا فضل الرحمان سے معافی کا مطالبہ بلاجواز ہے: کامران مرتضیٰ

اسلام آباد( ترکیہ خبر)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے معافی کا مطالبہ سمجھ سے بالاتر ہے، معافی تو ان لوگوں کو مانگنی چاہیے جنہوں نے لشکر بنانے کی بات کی۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ سے سوال کیا گیا کہ محمود اچکزئی کے بعد کیا مولانا فضل الرحمان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج ہوسکتی ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان نے ایسی کون سی بات کی ہے جس پر ان سے معافی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ معافی کا مطالبہ ان افراد سے ہونا چاہیے جو یہ کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں متوازی لشکر تشکیل دیے جائیں اور لوگ خود ایک دوسرے کا مقابلہ کریں۔جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موجود صورتحال پر بھی جواب طلبی ہونی چاہیے، کیونکہ وہاں گورننس کے مسائل سنگین ہوچکے ہیں۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جب پنجاب میں جا کر اپنے صوبے اور بلوچستان کے حالات کا ذکر کرتے ہیں اور یہ بتاتے ہیں کہ مسائل کس حد تک بڑھ چکے ہیں، تو ان کی بات کو غلط انداز میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے لوگوں کو ایک دوسرے کے مقابلے کے لیے لشکر بنانے کی بات کی ہے تو معافی بھی انہی کو مانگنی چاہیے، نہ کہ مولانا فضل الرحمان کو۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.