ترکیہ خبر

ملک کے غیر فعال ہوائی اڈوں کی بحالی کا فیصلہ

ملک کے غیر فعال ہوائی اڈوں کی بحالی کا فیصلہ

 اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک بھر میں غیر فعال اور جزوی طور پر فعال ہوائی اڈوں کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے عملی اقدامات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے کراچی میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے سربراہ ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہوائی اڈہ خدمات، انجینئرنگ اور تجارتی امور سے متعلق شعبوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان، تربت، دالبندین اور سیدو شریف کے ہوائی اڈوں کو فعال بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ سکھر اور نیو گوادر سمیت دیگر ہوائی اڈوں کی بحالی اور ترقی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارتِ دفاع نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو تمام غیر فعال ہوائی اڈوں کی جلد بحالی کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ فضائی رابطوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔