ترکیہ خبر

چین: آتش بازی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

چین: آتش بازی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے صوبہ ہونان کے علاقے لیویانگ میں آتش بازی کا سامان بنانے والی ایک فیکٹری میں شدید دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے ہیں۔چینی میڈیا کے مطابق واقعہ شام کے وقت پیش آیا، جس کے بعد فیکٹری سے دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے اور مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں پہاڑی علاقے میں واقع مقام سے دھواں اور تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ڈرون فوٹیج میں واضح ہے کہ جہاں کچھ گھنٹے پہلے فیکٹری کی عمارت موجود تھی وہاں اب ملبے کا ڈھیر ہے، جبکہ امدادی کارکن مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔حکام کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کی چھتیں بھی اڑ گئیں اور آگ نے دیگر مقامات کو بھی متاثر کیا، تاہم بعد میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ریسکیو کارروائیوں میں 480 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں جبکہ مزید ماہرین کو بھی علاقے میں بھیجا گیا ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقے کے گرد تین کلومیٹر کا کنٹرول زون قائم کر کے شہریوں کو وہاں سے نکال دیا ہے۔پولیس نے فیکٹری انتظامیہ کے کچھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی تلاش اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت دی ہے۔