کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے ساتھ کراچی میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ان کی اہلیہ ایمان رجب کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق رجب بٹ کراچی کی ایک عدالت میں پیشی کے موقع پر موجود تھے کہ اس دوران وکلا کے ایک گروپ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد انہیں مبینہ طور پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد ایمان رجب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کا مطالبہ کرنا کسی بھی صورت انتشار نہیں، بلکہ ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جوابدہی چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رجب بٹ کے لیے انصاف اور ملک کے قانون کے احترام کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بیان واقعے کے فوری بعد سامنے آیا، جب مختلف ویڈیوز میں رجب بٹ کو زخمی حالت میں دیکھا گیا۔رپورٹس کے مطابق رجب بٹ عدالت میں عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے کے معاملے میں پیش ہوئے تھے، یہ کیس وکیل ریاض سولنگی کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے بھی واقعے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل پر کراچی سٹی کورٹ کے احاطے میں مبینہ طور پر تشدد کیا گیا، جسے انہوں نے غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل قرار دیا۔ تاہم اس واقعے پر رجب بٹ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔