یمن کامحفوظ مستقبل دلانے میں سعودی کردار پر اعتماد کااظہار

3 ماہ قبل
یمن کامحفوظ مستقبل دلانے میں سعودی کردار پر اعتماد کااظہار

یمن(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کے وزیر دفاع جنرل محسن الداعری نے سعودی قیادت کی دانشمندی اور اختلافات کو حل کرنے کی صلاحیت پر اپنے ملک کے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکمت عملی یمن اور اس کے عوام کو شمال اور جنوب دونوں میں امن و استحکام کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں جنرل محسن الداعری نے سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی مسلسل حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ برادر ملک کی قربانیاں اور فراخ دلانہ مدد یمن کے لیے ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد بن سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری آزادی کے مکمل حصول اور پائیدار استحکام کی ضمانت ہے۔یمنی وزیر دفاع نے اتحاد کی قیادت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دانشمندانہ فیصلوں اور مخلصانہ اقدامات کے باعث یمن کے لیے سلامتی، ترقی اور استحکام کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ تعاون خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔دوسری جانب یمنی سیاسی حلقوں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے حالیہ پیغام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اس بات کو سراہا ہے کہ یہ پیغام بین الاقوامی سطح پر بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔جنرل محسن الداعری کے مطابق یہ پیغام اس بات کی واضح علامت ہے کہ سعودی عرب یمن کی قانونی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے، ریاستی اداروں کی بحالی اور پورے ملک کی آزادی کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان اقدامات کو یمن اور پورے خطے میں امن و استحکام کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔