کولمبیا کی کانگو پر فتح، اگلے مرحلے تک رسائی یقینی ہو گئی
گواڈالاخارا ( سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ کے کے اہم مقابلے میں کولمبیا نے جمہوریہ کانگو کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی یقینی بنا لی۔میکسیکو کے شہر گواڈالاخارا میں کھیلے گئے میچ میں کانگو کے گول کیپر لیونیل مپاسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کولمبیا کے متعدد حملے ناکام بنائے، جس کے باعث ابتدائی لمحات میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 76ویں منٹ میں دفاعی کھلاڑی ڈینیئل منوز نے سکور کیا، جس کی بدولت کولمبیا نے تین اہم پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔اس کامیابی کے بعد کولمبیا کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہو گئی اور ٹیم نے ورلڈ کپ کے آخری 32 ٹیموں کے مرحلے میں اپنی جگہ مضبوط کر لی۔دوسری جانب جمہوریہ کانگو دو میچوں میں ایک پوائنٹ کے ساتھ گروپ میں تیسرے نمبر پر موجود ہے، تاہم اگر وہ اپنے آخری گروپ میچ میں ازبکستان کو شکست دے دے تو اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات برقرار رہیں گے۔ادھر پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف میچ میں گول کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں چھ مختلف عالمی کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ ایونٹ 19 جولائی تک جاری رہے گا۔