پشاور( ترکیہ خبر)پاک فوج کی کاوشوں سے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کا تعلیمی سلسلہ ایک بار پھر بحال ہو گیا ہے اور کیڈٹ کالج وانا میں باقاعدہ طور پر کلاسز کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر اس پیش رفت کو تعلیم کے تسلسل کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔سرکاری تفصیلات کے مطابق نومبر 2025 میں پیش آنے والے واقعے کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو گئی تھیں، تاہم پاک فوج اور عوام کے باہمی تعاون سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ محدود مدت میں مرمتی اور بحالی کے کام مکمل کر کے ادارے کو دوبارہ فعال بنا دیا گیا۔پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا ساؤتھ نے مشترکہ کوششوں سے عمارت کی مرمت، ضروری سہولیات کی بحالی اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا، جس کے بعد طلبہ کے لیے درس و تدریس کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔کیڈٹ کالج وانا میں کلاسز کی بحالی پر مقامی عمائدین اور قبائلی مشران نے اطمینان کا اظہار کیا اور اسے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔تعلیمی حلقوں کے مطابق ادارے کی بحالی سے نہ صرف طلبہ کا تعلیمی سال محفوظ ہوا ہے بلکہ والدین کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو اپنے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔