راولپنڈی( سپورٹس ڈیسک) پچاس ویں چیف آف آرمی سٹاف پولو اینڈ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 2025 میں پشاور کور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد جناح پولو فیلڈز میں کیا گیا، جہاں چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جناح پولو فیلڈز آمد پر کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین پاکستان پولو فیڈریشن نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، جبکہ وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب اور شائقین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ چیمپئن شپ پاک فوج کی کھیلوں سے وابستہ روایات، پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کی عکاس ہے۔ مقابلوں میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پشاور کور نے پہلی جبکہ گوجرانوالہ کور نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔اختتام پر مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جیتنے والی اور شریک ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔