جنیوا مذاکرات سے پہلے ایران کا بڑا پیغام

1 ماہ قبل
جنیوا مذاکرات سے پہلے ایران کا بڑا پیغام

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ سفارتی ذرائع کو اولین ترجیح دی جائے۔ ان کا یہ بیان جنیوا میں متوقع مذاکرات سے دو روز قبل سامنے آیا ہے جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں واضح کیا کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا دوبارہ آغاز کم سے کم وقت میں ایک منصفانہ اور مساوی معاہدے تک پہنچنے کے عزم کے ساتھ کرے گا۔ ان کے مطابق تہران کی خواہش ہے کہ بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہو اور فریقین باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھیں۔اس سے قبل مجید تخت روانچی نے بھی عندیہ دیا تھا کہ ایران معاہدے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا نیا مرحلہ شروع ہونے والا ہے اور اس موقع کو ضائع نہیں کیا جانا چاہیے۔ایرانی حکام نے خبردار کیا کہ ایران پر کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تہران سفارتی راستہ اختیار کرتے ہوئے جلد از جلد کسی سمجھوتے تک پہنچنے کا خواہاں ہے۔سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیجی پانیوں کے قریب ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں میں فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں معمول کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔تہران کا مؤقف ہے کہ وہ عسکری جوہری صلاحیت حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ ایران نے جوہری عدم پھیلاؤ کا معاہدہ پر دستخط کر رکھے ہیں اور وہ شہری مقاصد خصوصاً توانائی کے شعبے میں پرامن جوہری پروگرام کو اپنا حق قرار دیتا ہے۔ادھر انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمان کی ثالثی میں مذاکرات کا تیسرا دور جمعرات کو جنیوا میں متوقع ہے، تاہم گہرے اختلافات کے باعث کسی حتمی معاہدے تک پہنچنا آسان نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت کرنے والے عباس عراقچی ممکنہ طور پر امریکی ٹیم کے سامنے ابتدائی مسودہ پیش کریں گے۔ امریکی وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہو سکتے ہیں، جس سے مذاکرات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ جنیوا میں ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مستقبل کے تعلقات کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔