سری لنکا ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ آج سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں جیت کے ساتھ سیریز کا آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔سیریز کے آغاز سے قبل ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کی گئی، جس میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ قومی ٹیم ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سیریز کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل مقامی موسم اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دے گی۔ادھر دمبولا میں گزشتہ چند روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث پاکستان ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا، تاہم آج میچ کے دوران بارش کا امکان کم بتایا جا رہا ہے۔کرکٹ شائقین اس مقابلے کو سیریز کے لیے فیصلہ کن آغاز قرار دے رہے ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔