اپنی چھت اپنا گھر، عظمیٰ بخاری نے مستحق خاندانوں کی ویڈیوز دکھا دیں
لاہور( تر کیہ خبر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے مبینہ پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی براہِ راست ویڈیوز جاری کردیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بہت جہالت دکھائی جاچکی، اب حقیقت بھی جان لینی چاہیے۔ یہ وہ خاندان ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ عام پاکستانی خاندان کا اپنا گھر کا خواب حقیقت بن کر موجود ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر یہ گھر صرف تحریک انصاف کے دور میں تعمیر ہوئے تھے تو پھر 2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟ 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد کی بلاسود قرضوں کی رقم کس نے فراہم کی اور ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر کیسے مکمل ہوئے؟صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 60 ہزار 464 گھر اب بھی زیرِ تعمیر ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبہ مسلسل جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی کوشش شاید سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چل جائے، تاہم ان گھروں میں رہنے والے حقیقی مستحقین کی گواہی کو جھٹلانا ممکن نہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا عملی منصوبہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن کے پاس دکھانے کے لیے اپنی کارکردگی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کے بنائے گھروں کی کہانیاں گھڑتے ہیں۔ پروپیگنڈا جتنا مرضی کیا جائے، گھر آخر گھر ہی ہوتا ہے اور گھر کی چابی جس خاندان کے ہاتھ میں ہو، اصل گواہی بھی اسی کی ہوتی ہے۔