آذربائیجان( کامرس ڈیسک)آذربائیجان نے ہفتے کے روز ایران کے لیے انسانی ہمدردی کی امداد کی ایک اور بڑی کھیپ روانہ کر دی۔ یہ اقدام دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطے کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مقصد مشکل حالات میں ایرانی عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت الہام علییف اور مسعود پزشکیان کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بعد عمل میں آئی، جس میں باہمی تعاون اور امدادی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔امدادی کھیپ میں خوراک، ادویات اور طبی سامان شامل ہے، جس کا مجموعی وزن دو سو ٹن بتایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک سو نوے ٹن غذائی اشیاء، سات ٹن ادویات اور تین ٹن طبی سامان ایران بھجوایا گیا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ امداد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی ایک اہم مثال قرار دی جا رہی ہے، جبکہ مزید امدادی اقدامات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔