اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم تین ملکی سیریز اور آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے زمبابوے روانہ ہو گئی ہے۔ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں۔ روانگی سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ہوٹل میں ٹیم سے ملاقات کی، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو نیک تمناں کے ساتھ رخصت کیا اور دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پاکستان انڈر 19 ٹیم اسلام آباد سے براستہ دبئی زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے پہنچی، جہاں 15 رکنی اسکواڈ کے تمام کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ ایک ہی پرواز کے ذریعے روانہ ہوئے۔پاکستان انڈر 19 ٹیم زمبابوے میں ہونے والی تین ملکی سیریز کے ساتھ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی حصہ لے گی۔ تین ملکی سیریز کا آغاز 25 دسمبر سے ہو گا جبکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا پہلا میچ 27 دسمبر کو کھیلے گی۔پی سی بی حکام کے مطابق ٹیم روانگی سے قبل پراعتماد نظر آئی اور انتظامیہ کو دورے کے دوران بہتر کارکردگی کی مکمل امید ہے۔