مسلح افواج کے سربراہان کی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد

2 ہفتے قبل
مسلح افواج کے سربراہان کی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد

راولپنڈی( ترکیہ خبر) 86 ویں یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم پاکستان پر آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔بیان میں کہا گیا کہ 23 مارچ 1940ء ہماری تاریخ کا اہم سنگِ میل ہے، جس دن قومی وژن واضح ہوا اور آزاد وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ ایمان، امید اور عزم و استقامت سے بھرپور یہ دن قوم کے غیر متزلزل ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔ اللہ کے فضل سے پاکستان جمہوریت کے پرچم تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، قومی سلامتی کو یقینی بنانے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ہر وقت چوکس اور ثابت قدم رہیں گی، داخلی سلامتی برقرار رکھی جائے گی، اور پاکستان عالمی برادری کا ذمہ دار اور اصولی رکن رہتے ہوئے دنیا بھر میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گا۔