آبنائے ہرمز سے ایک اور جہاز بحفاظت گزر گیا، کشیدگی کے باوجود پیش رفت

23 گھنٹے قبل
آبنائے ہرمز سے ایک اور جہاز بحفاظت گزر گیا، کشیدگی کے باوجود پیش رفت

انقرہ( ترکیہ خبر)استنبول میں جاری علاقائی کشیدگی کے باوجود آبنائے ہرمز سے ایک اور ترک ملکیتی جہاز کے بحفاظت گزرنے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس کے بعد محفوظ طور پر روانہ ہونے والے جہازوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ترک وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ایک کارگو جہاز، جو عراق سے خام تیل لے کر ملائیشیا جا رہا تھا، سفارتی تعاون کے ذریعے کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب رہا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کئی ترک ملکیتی جہاز آبنائے ہرمز کے اطراف موجود ہیں، جن میں سے متعدد نے روانگی کی درخواست دے رکھی ہے، جبکہ ان جہازوں اور عملے کی محفوظ منتقلی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔حکام کے مطابق متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور جہازوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سمندری نقل و حمل متاثر ہوئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت پر پابندیوں نے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو بھی متاثر کیا ہے۔