انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر ایم کیو ایم کو الیکشن کمیشن کا نوٹس
اسلام آباد (تر کیہ خبر) الیکشن کمیشن نے پارٹی انتخابات منعقد نہ کرانے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں وضاحت طلب کرلی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان مقررہ قانونی مدت میں انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابندی پوری نہیں کرسکی۔ پارٹی کو 15 اکتوبر 2026 تک توسیع دی گئی تھی، تاہم اس دوران بھی انتخابات منعقد نہیں ہوئے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت سیاسی جماعتوں کے لیے اندرونی انتخابات کرانا لازمی ہے۔ انتخابات کے انعقاد کے بعد 7 روز کے اندر انتخابی سرٹیفکیٹ بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ضروری ہے۔الیکشن کمیشن نے پارٹی کو جواب جمع کرانے کے لیے 14 روز کی مہلت دی ہے۔ مقررہ وقت میں وضاحت موصول نہ ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اندرونی انتخابات نہ کرانے کے باعث ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان حاصل کرنے کے حق سے محروم ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 اکتوبر 2026 کو بھی اس معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔