پاکستان اور سعودی عرب کا میڈیا و ثقافتی روابط بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (تر کیہ خبر) پاکستان اور سعودی عرب نے اطلاعات، نشریات، ذرائع ابلاغ اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات نے انہیں پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ذرائع ابلاغ، ثقافت اور عوامی روابط مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مسلسل ترقی کررہے ہیں اور میڈیا، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے روابط کئی نسلوں پر محیط ہیں اور ان کی بنیادیں محض سفارت کاری اور سیاست تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ تاریخ، مذہبی وابستگی اور عوامی تعلقات پر قائم ہیں۔وفاقی وزیر نے مکہ دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے مضبوط دفاعی اشتراک کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت نے معیشت اور ثقافت کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔انہوں نے العلا میں سیاحت کے فروغ اور الدرعیہ کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو جدید انداز میں متعارف کرانے کے اقدامات کو سعودی قیادت کے وژن کا مظہر قرار دیا۔ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی ناظرین تک پہنچانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی تہذیب کی بھرپور ترجمانی کرتے ہیں۔