لاہور( ترکیہ خبر) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پاکستان کے فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت کراچی، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد اور پشاور سے دبئی، ابو ظہبی، بحرین، شارجہ، دوحہ، ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ جانے والی 65 پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 35 پروازیں تین سے سات گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس کے نتیجے میں سیکڑوں عمرہ زائرین اور ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے۔ ائیر لائنز نے ہنگامی حالات کے پیش نظر پروازوں کو ری شیڈول کرنا شروع کر دیا ہے۔فلائٹ انفارمیشن کے مطابق جنگ کی اچانک شدت نے پہلے بحال ہونے والا فضائی آپریشن دوبارہ معطل کر دیا ہے۔ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی سینکڑوں پروازیں یا تو منسوخ ہو گئی ہیں یا آدھے راستے سے واپس لوٹ آئیں۔مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ جیٹ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمت نے ائیر لائنز کی مالی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ جنگ سے قبل دبئی سے روزانہ 1200 سے زائد، دوحہ سے 700، بحرین سے 200، کویت سے 290، ریاض سے 675، دمام سے 250، ابو ظہبی سے 485 اور شارجہ سے 300 کے قریب پروازیں آپریٹ ہو رہی تھیں، لیکن اب سات سے آٹھ ائیرپورٹس مکمل طور پر بند ہیں اور صرف 20 سے 30 فیصد پروازیں جاری ہیں۔پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کے مطابق ہنگامی حالات میں تمام ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو لینڈنگ، ٹیک آف اور پارکنگ کی سہولیات بین الاقوامی قوانین کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔ ائیر لائنز نے مسلسل ری شیڈولنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر، مشرقِ وسطیٰ جانے والی پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار
1 ہفتے قبل