مصنوعی ذہانت سرمایہ کاری کا بلبلہ نہیں، زندگی بدلنے والی قوت ہے: سون
باکو(ویب ڈیسک)سافٹ بینک گروپ کے چیف ایگزیکٹو مسایوشی سون نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے بلبلہ قرار دینا ایک بے بنیاد سوچ ہے۔کمپنی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسایوشی سون نے کہا کہ یہ سوال کرنا ہی غلط ہے کہ آیا مصنوعی ذہانت ایک عارضی رجحان یا بلبلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانی زندگی کو مکمل طور پر تبدیل کر دے گی اور یہ تبدیلی معاشی فوائد پیدا کرنے کا باعث بھی بنے گی۔مسایوشی سون کا کہنا تھا کہ جو لوگ وقت کے ساتھ خود کو تبدیل نہیں کرتے وہ اپنے امکانات محدود کر لیتے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت کی مخالفت کرنے والے دراصل ترقی کے راستے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔انہوں نے مصنوعی ذہانت کو مستقبل کی ایک بنیادی ٹیکنالوجی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس تبدیلی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔