اسلام آباد… رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں خطرناک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست 2025 میں تجارتی خسارہ 6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 29.01 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست میں سالانہ بنیادوں پر خسارہ 30.13 فیصد بڑھ کر 2 ارب 86 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، تاہم ماہانہ بنیادوں پر خسارہ 8.81 فیصد کم ہوا۔آمدنی اور برآمدات کے اعداد و شمار بھی تشویش ناک ہیں۔ جولائی اور اگست میں درآمدات 14.23 فیصد بڑھ کر 11 ارب 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گئیں، جبکہ اگست میں درآمدات کا حجم 5 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔ دوسری جانب برآمدات میں مجموعی اضافہ صرف 0.65 فیصد رہا، اور اگست میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 12.49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں اگست میں برآمدات 2 ارب 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی کے یہ اعداد و شمار ملک کی تجارتی پوزیشن پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں، اور ملکی معاشی حکمت عملی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
تجارتی خسارہ 6 ارب ڈالر سے تجاوز، دو ماہ میں 29 فیصد اضافہ
13