لاس اینجلس… مشہور امریکی کامیڈی سیریز فرینڈز کے اسٹار میتھیو پیری کی موت کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ برطانوی نژاد ڈرگ ڈیلر جسوین سنگھا، جو کیٹامائن کوئین کے نام سے جانی جاتی ہے، نے پیری کو مہلک دوا فراہم کرنے کا جرم قبول کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جسوین سنگھا پر الزام تھا کہ اس نے وہی کیٹامائن فروخت کی جو بالآخر اداکار کی موت کا سبب بنی۔ ابتدا میں الزامات سے انکار کرنے والی سنگھا نے گزشتہ ماہ ایک تحریری بیان میں اعترافِ جرم کرلیا۔پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ سنگھا نے یہ منشیات ایک شخص کو دیں جس نے آگے چل کر انہیں میتھیو پیری کے اسسٹنٹ کینیٹھ ایواماسا تک پہنچایا۔ رپورٹ کے مطابق پیری نے اپنی موت سے صرف چار دن پہلے سنگھا سے 25 شیشیاں خریدی تھیں اور اس کے بدلے 6 ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔یاد رہے کہ میتھیو پیری اکتوبر 2023 میں 54 برس کی عمر میں ہالی ووڈ کے اپنے گھر پر مردہ پائے گئے تھے۔ وہ کئی برسوں تک نشے کی لت میں مبتلا رہے اور باضابطہ ڈاکٹر کی نگرانی میں بھی ڈپریشن کے علاج کے طور پر کیٹامائن استعمال کر رہے تھے۔ تاہم زندگی کے آخری دنوں میں انہوں نے غیر قانونی ذرائع سے زیادہ مقدار میں منشیات لینا شروع کر دی تھی جس نے ان کی جان لے لی۔
کیٹامائن کوئین’ نے میتھیو پیری کو مہلک ڈوز دینے کا اعتراف کر لیا
12