لاہور… جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر پاکستانی میدانوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے گی۔ تمام فارمیٹس کی سیریز کا مجوزہ شیڈول جاری ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ون ڈے سیریز کا آغاز بھی راولپنڈی میں 28 اکتوبر کو ہوگا، جب کہ دیگر دو ون ڈے میچز 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں، جہاں کئی برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ٹی ٹوئنٹی سیریز پانچ نومبر کو ملتان سے شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم جنوبی افریقی وفد کے ملتان کا دورہ نہ کرنے کے باعث یہ میچ منتقل بھی ہوسکتا ہے۔ بقیہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز 8 اور 9 نومبر کو لاہور میں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق یہ شیڈول حتمی نہیں اور دونوں بورڈز کی مشاورت کے بعد اس میں تبدیلی ممکن ہے۔یاد رہے کہ پروٹیز نے آخری بار جنوریفروری 2021 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جس میں میزبان ٹیم نے انہیں وائٹ واش کیا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 1-2 سے پاکستان کے نام رہی تھی۔
جنوبی افریقی ٹیم چار سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کھیلے گی، شیڈول سامنے آ گیا
14