اسلام آباد… جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ فوج کے دشمن نہیں اور نہ ہی ریاستی اداروں کے خلاف مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں۔ڈی آئی خان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صرف گورننس کا بحران نہیں بلکہ حکومت کا وجود ہی بے معنی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، لیکن ہم شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پختون خوا کے عوام نے قیام امن کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ غیر مشروط تعاون کرتے ہوئے ناقابل برداشت قربانیاں دیں۔ لاکھوں افراد نے گھر بار اور کاروبار چھوڑ کر نقل مکانی کی صعوبتیں جھیلی، اور ہزاروں خاندان سکیورٹی اداروں کے تعاون کے لیے پشاور سے کراچی تک مشکلات کا سامنا کرتے رہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شاندار قربانیوں کے باوجود آج تک عوام کو امن نہیں ملا اور ریاست شہریوں کو جان، مال اور عزت کے تحفظ میں ناکام رہی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ فوج کے سیاسی کردار یا اداروں کی پالیسیوں کے ناقد ہیں، جن سے عام شہری اور سیاستدان براہ راست متاثر ہوتے ہیں، لیکن فوج اور ریاست کے بنیادی وجود کے خلاف نہیں۔انہوں نے زور دیا کہ عوام کے دلوں میں دفاعی اداروں کی عزت ہونی چاہیے، اور معاشرہ، سیاسی جماعتیں اور آئینی نظام مضبوط رہیں، کیونکہ اگر یہ کمزور ہوئے تو فوج اور ملک بھی کمزور ہو جائیں گے۔
نہ ہم فوج کے دشمن ہیں اور نہ ہی ریاستی اداروں کے خلاف مزاحمت کے حامی :مولانا فضل الرحمان
10