جنیوا… اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے غزہ میں صحافیوں کی ہلاکتوں کے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنانے کا کہا ہے۔ہائی کمشنر کے ترجمان ثمین الخیطان نے بتایا کہ خان یونس میں نصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیل کے یکے بعد دیگرے دو فضائی حملوں میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں پانچ صحافی اور چار طبی کارکن شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہولناک واقعہ دنیا کو جھنجھوڑ دینے کے لیے کافی ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پہلے حملے میں ایک صحافی جاں بحق ہوا جبکہ دوسرے میں ایک خاتون سمیت چار صحافی مارے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافی عالمی دنیا کے لیے آنکھوں اور کانوں کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔7 اکتوبر سے جاری غزہ کی جنگ میں اب تک 247 فلسطینی صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ترجمان نے زور دیا کہ ہسپتالوں کی طرح صحافیوں پر حملے بھی بین الاقوامی قانون کے تحت ممنوع ہیں اور یہ واقعہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا کہ قابض طاقت اسرائیل کی جانب سے تحقیقات نتیجہ خیز ہوں اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
اقوام متحدہ کی شدید تنبیہ، غزہ میں صحافیوں کی ہلاکت کی تحقیقات لازمی قرار
22