اسلام آباد…پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی قیادت سے متعلق گردش کرتی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شان مسعود کو ٹیسٹ اور محمد رضوان کو ون ڈے کپتانی سے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق نہ تو شان مسعود کو ٹیسٹ قیادت سے ہٹانے کی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی سعود شکیل کو ان کی جگہ کپتان بنانے کی کوئی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اسی طرح سلمان علی آغا کو ون ڈے ٹیم کی قیادت دینے کا معاملہ بھی بالکل بے بنیاد ہے۔ترجمان کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے کپتانی میں کسی بھی تبدیلی یا کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں ردوبدل پر کوئی غور نہیں کیا۔ یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب سوشل میڈیا پر افواہیں تیزی سے پھیلنے لگیں کہ قیادت میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ادھر سہ فریقی سیریز کے شیڈول کے مطابق پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں مدمقابل ہوں گی۔ گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف کریں گے۔ ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچ کھیلے گی جبکہ فائنل 7 ستمبر کو ہوگا۔اس سیریز کے بعد پاکستان کا اگلا ہدف ایشیا کپ 2025 ہوگا جو 9 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں جنہیں دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔پاکستان گروپ اے میں بھارت، یو اے ای اور عمان کے ساتھ شامل ہے جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، افغانستان، سری لنکا اور ہانگ کانگ مد مقابل ہوں گی۔ قومی ٹیم کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ہوگا، 14 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج مقابلہ شیڈول ہے، جبکہ آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو میزبان یو اے ای کے خلاف کھیلا جائے گا۔ایشیا کپ کا سپر فور مرحلہ 20 سے 26 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی نے کپتانی سے متعلق تمام افواہوں کو مسترد کردیا
21