ترکیہ …ترکیہ میں غیرملکیوں کی معاونت کے لیے قائم “ییمر 157” (YIMER 157) ہیلپ لائن نے گزشتہ 10 برسوں کے دوران ایمرجنسی حالات میں 15,728 افراد کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔یہ سروس 20 اگست 2015 کو ترکیہ کی مائیگریشن مینجمنٹ کی صدارت کے تحت قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد ترکیہ میں مقیم غیرملکیوں کو بروقت، درست اور قابل اعتماد معلومات کی فراہمی ہے۔ رواں سال یہ ادارہ اپنے قیام کی دسویں سالگرہ منا رہا ہے۔ییمر 157 نے صرف معلوماتی خدمات ہی فراہم نہیں کیں بلکہ یہ ہیلپ لائن وقتِ ضرورت میں جانیں بچانے والا ایک موثر پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ انسانی اسمگلنگ، تشدد یا استحصال کا شکار غیرملکیوں نے اس ہیلپ لائن کے ذریعے ایمرجنسی مدد حاصل کی، جس کے بعد پولیس، جینڈارمری اور کوسٹ گارڈ کے ساتھ فوری رابطہ قائم کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی مدد کی گئی۔ییمر کی سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے مائیگریشن مینجمنٹ کے صدر حسین کوک نے بتایا کہ جب کوئی شخص 157 ڈائل کرکے “1” پریس کرتا ہے تو ایک ماہر اہلکار فون سنتا ہے اور صورتحال کی نزاکت کے مطابق کیس کو متعلقہ سیکیورٹی یا طبی اداروں کی جانب منتقل کر دیتا ہے۔حسین کوک کے مطابق، اب تک ییمر نے 42 ملین منٹس پر مشتمل کالز کا ریکارڈ مکمل کیا ہے جبکہ 995 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جن کے نتیجے میں 15,728 افراد کو براہِ راست بچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا، “جب بھی کوئی غیرملکی مشکل میں ہوتا ہے یا انسانی اسمگلنگ کا شکار بنتا ہے، تو وہ فورا ییمر 157 کو یاد کرتا ہے۔”یہ ہیلپ لائن ترکیہ میں مقیم غیرملکیوں کے لیے ایک قابل اعتماد سہارا بن چکی ہے، جو نہ صرف معلومات فراہم کرتی ہے بلکہ بوقتِ ضرورت فوری کارروائی کے ذریعے جانیں بھی بچاتی ہے۔
ترکیہ میں غیرملکیوں کے لیے قائم ہیلپ لائن نے 10 سال میں 15 ہزار سے زائد افراد کی جان بچائی
57