سکرامینٹو… امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے پاک امریکا تعلقات اور ریاست کی معیشت، معاشرت اور ثقافت کی ترویج میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں ایک تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔یہ قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے پیش کی، جو کیلیفورنیا سینیٹ کی سب سے کم عمر خاتون رکن اور سینیٹ کمیٹی برائے زراعت کی چیئرپرسن ہیں۔ قرارداد پیش کرتے وقت سینیٹر ہرٹاڈو نے پاکستانی لباس زیب تن کیا اور مہندی لگا کر ایوان میں شریک ہوئیں، جسے ارکان کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔قرارداد میں پاکستان اور امریکا کے دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کے کردار کو سراہا گیا۔سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی کہانی قربانی، وقار اور استقامت کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سینیٹ میں موجود سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔سفیر پاکستان نے تاریخی قرارداد کی منظوری پر سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو اور کونسل آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ قرارداد پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیلیفورنیا سینیٹ کی جانب سے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر قرارداد کی منظوری اس بات کی گواہی ہے کہ ہمارے تعلقات حکومتوں سے بڑھ کر عوامی سطح پر بھی گہرے اور دیرپا ہیں۔
کیلیفورنیا سینیٹ میں تاریخی قرارداد منظور پاکستانی نژاد کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف
40