کراچی…پاکستان شوبز کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے جڑا اپنا ذاتی اور خوفناک تجربہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔اداکارہ نے بتایا کہ نتھیا گلی سے واپسی کے دوران وہ شدید خوفزدہ تھیں اور ہر لمحہ یہی خدشہ لاحق رہا کہ کہیں وہ بھی لینڈ سلائیڈنگ یا اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں نہ آ جائیں۔انسٹاگرام اسٹوری میں ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ راستے بھر انہیں بے بسی کا احساس گھیرے رہا۔ “میں بار بار سوچتی رہی کہ اگر لینڈ سلائیڈنگ ہمیں اپنی لپیٹ میں لے لے تو کیا ہوگا؟ اسی دوران میرا دل ان ہزاروں متاثرین کے ساتھ جا ملا جو اس وقت بارشوں اور سیلاب کے باعث ناقابلِ بیان مشکلات سے دوچار ہیں۔”ماہرہ خان نے لکھا کہ اب انہیں گہرائی سے احساس ہوا ہے کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان کس قدر بے بس ہو جاتا ہے۔ “یہ لمحے لمحے کی جدوجہد ہے، کوئی اپنے گھر بچانے کی کوشش کرتا ہے، کوئی اپنی جان یا اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے تڑپتا ہے، مگر اکثر سب کچھ ہاتھ سے نکل جاتا ہے۔”اداکارہ نے حالیہ تباہ کن بارشوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے دعا کی کہ “اللہ سب پر رحم فرمائے اور سب کو اپنی پناہ میں رکھے۔”
ماہرہ خان کا انکشاف: نتھیا گلی سے واپسی پر ہر لمحہ موت کا خوف، سیلاب متاثرین کی تکلیف دل کو چھو گئی
29