ترکیہ کے صوبہ توکات میں واقع باللیجا غار اپنی حیرت انگیز قدرتی تشکیل اور تاریخی اہمیت کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق، یہ غار تقریباً 3.5 ملین سال قبل وجود میں آئی تھی۔
غار کے اندرونی حصے میں مختلف اقسام کی چٹانی ساختیں، جیسے اسٹالیکٹائٹس اور اسٹالیکمیٹس، موجود ہیں جو قدرتی فن پاروں کی مانند دکھائی دیتی ہیں۔ یہ غار 680 میٹر لمبی اور 94 میٹر اونچی ہے، جس میں 8 بڑے کمرے شامل ہیں۔ باللیجا غار 2019 سے یونیسکو کی عارضی عالمی ورثہ فہرست میں شامل ہے۔
باللیجا غار کی ہوا کی خاصیت کے باعث، بعض طبی ماہرین سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو اس کا دورہ کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔غار کے ارد گرد کا علاقہ بھی قدرتی حسن سے مالا مال ہے، جہاں سیاح پیدل سیر اور فوٹوگرافی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ باللیجا غار ترکیہ کے قدرتی عجائبات میں سے ایک ہے، جو ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔